کورونا وائرس ، دنیابھر میں کیسز اوراموات کے لحاظ سے کونسے ممالک ٹاپ پر ہیں اور پاکستان کا کونسا نمبر ہے؟تفصیلی رپورٹ آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے خوفناک وار جاری ہیں اور اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ تشخیص کیے جانے والے مریضوں کی کل تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ ہو چکی ہے۔ موذی وائرس کی وجہ سے پانچ لاکھ تہتر ہزار سے

زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔عالمی درجہ بندی کے مطابق دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ مریض امریکہ میں موجود ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد چونتیس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ایک لاکھ پینتیس ہزار امریکی اب تک لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔دنیا میں دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک لاطینی امریکی ملک برازیل ہے جہاں کورونا کے انیس لاکھ رجسٹرڈ مریض ہیں۔ برازیل میں اموات کی تعداد چوہتر ہزار ہوچکی ہے۔نولاکھ مریضوں کے ساتھ بھارت عالمی فہرست میں تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں اب تک24,309 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔کورونا سے متاثرہ ممالک میں چوتھا نمبر روس کا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ روس میں اموات کی کل تعداد11,614ہے۔پانچویں نمبر پر متاثرہ ملک پیرو ہے جہاں اس وقت تین لاکھ سے زائد رجسٹرڈ مریض ہیں۔پاکستان عالمی درجہ بندی میں بارہویں نمبر پر ہے جہاں اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔اموات کا چارٹ دیکھیں تو اس میں بھی سرفہرست امریکہ ہی ہے جہاں اب تک ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دوسرے نمبر پر یہاں بھی برازیل ہی ہے جہاں کل چوہتر ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔تیسرے نمبر پر برطانیہ ہے جہاں اموات کی تعداد پینتالیس ہزار ہے۔چھتیس ہزار اموات کے ساتھ میکسیکو ہلاکتوں کے اعتبار سے چوتھا بڑا ملک ہے۔پانچویں نمبر پر اٹلی ہے جہاں اموات کی مجموعی تعداد تقریبا پینتیس ہزار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close