جنیوا(پی این آئی) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورورنا وائرس کی وبا مزید تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث آنے والے دنوں میں اموات میں بھی زبردست اضافے کا خدشہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی سروسز کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل رائنکہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا
وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی وجہ یہ نہیں ہے کہ اب لوگوں کا ٹیسٹ زیادہ ہو رہا ہے بلکہ اس کا اہم سبب وبا کا تیزی سے پھیلنا ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ جس تیزی سے وبا پھیل رہی ہے اس سے متاثرین کی اموات میں بھی زبردست اضافے کا خدشہ ہے اور سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ وبا سے متاثرین کی تعداد روز بروز تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غور کیا جائے تو اپریل اور مئی میںہم ہر روز تقریبا ایک لاکھ کیسز سے نمٹتے تھے اور آج یہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور یہ صرف ٹیسٹنگ کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ وبا میں تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ وائرس کو مریض کے اندر پوری طرح سے اثر انداز ہونے میں وقت لگتا ہے اس لیے کیسز کی تعداد میں اضافہ اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد سامنے آنے میں ایک وقفہ رہتا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں اس بیماری میں جو تیزی دیکھی گئی ہے اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ اس وبا سے آنے والے دنوں میں بھی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد اس وقت تقریباً ایک کروڑ18 لاکھ ہے اور اب تک 5 لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبا کا سب سے زیادہ اثر امریکا پر پڑا ہے جہاں 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور سوا لاکھ سے زیاہ اموات ہوچکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں