خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں کورونا کے لیے مختص 50 فیصد بیڈ خالی ہو گئے، مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کا دعویٰ

پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں کورونا کے لیے مختص 50 فیصد بیڈ خالی ہو گئے، مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کا دعویٰ۔خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے اور اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے مختص 50 فیصد بستر خالی ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے اور کورونا سےشرح اموات 5.2 سےکم ہو کر 3.6 فیصد ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں روزانہ ہونے والے ٹیسٹ میں مثبت کیسز کی شرح 25 سےکم ہوکر 15فیصد ہوگئی ہے۔اجمل وزیر کاکہنا تھا کہ اب تک 1 لاکھ 54 ہزار 278 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، صوبے کے اسپتالوں میں 5 ہزار 440 بستر کورونا مریضوں کے لیے مختص ہیں جن میں سے 50 فیصد بستر زیر استعمال ہیں اور اس وقت اسپتالوں میں 63 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کیسز کو دیکھنے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاتا ہے، اس وقت صوبےکے 244علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے 8 لاکھ سے زائد افراد گھروں پر ہیں، لاک ڈاؤن والے ان علاقوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 754 ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 27 ہزار مسافروں کی پشاور ائیرپورٹ پر آمدورفت ہوئی ہے، ائیرپورٹ آنے اور جانے والے مسافروں کی اسکرینگ کی جارہی ہے، مسافروں کو چیک کرنے کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، 13 ڈاکٹرز سمیت 32 افراد پر مشتمل طبی عملہ ائیرپورٹ پر تعینات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات کے باعث ان کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشنز شروع کیا، بیرون ملک انتقال کرنےوالے 64 پاکستانیوں کے جسد خاکی واپس لائے گئے، آج مزید14 میتیں لائی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close