پنجاب میں عید الاضحی سے کتنے روز قبل مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت جاری کر دی

لاہور(پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ سے 15 روز قبل مویشی منڈیاں لگانے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کا اجلاس لاہور میں ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے لیے ایس او پیز کی تیاری اور دیگر انتظامات پر غور کیا گیا۔انہوں

نے کہا کہ عیدالاضحیٰ سے 15 روز قبل مویشی منڈیاں لگائی جائیں، اس حوالے سے شہری حدود کے باہر انتظامات مکمل کیے جائیں اور عید قربان کے موقع پر ایس او پیز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کی وبا میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 ہزار 297 ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 1341 مریض سامنے آئے ہیں، 42 ہزار 854 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ادویات اور انجکشن وافر مقدارمیں دستیاب ہیں، صوبے میں کسی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے گزشتہ 100 روز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، ادارے کے حکام مبارک باد کے مستحق ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہرسطح پر وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے، ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close