پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہونے لگی، خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی )مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہسپتالوں میں کورونا کے مریض کم ہو رہے ہیں اور پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کا اجلاس منعقد ہوا، اس دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کمیٹی کو بریفنگ

دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اللّٰہ کے فضل سے کورونا کیس کم رہے ہیں، وینٹیلیٹر پر مریضوں کی تعداد بھی کم ہو رہی ہے، پاکستان کی شعبہ صحت میں موجود 40 فیصد وینٹیلٹرز استعمال ہی نہیں ہوئے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اتنا جلدی کیس کم ہونے کا کریڈٹ لینا نہیں چاہتے۔انہوں نے ہیلتھ بجٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 70 سال کے دوران ہیلتھ کا بجٹ مجموعی جی ڈی پی کا ایک فیصد سے بھی کم رہا۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ 14جون کو31 ہزار ٹیسٹ کیے گئے اور یکم جولائی کو 22 ہزار کورونا ٹیسٹ کیے۔کمیٹی ممبران کی جانب سے کہا گہا کہ آپ نے ٹیسٹنگ کم کی ہے، یکم جولائی کو کم ازکم 40 ہزار ٹیسٹ ہوتے، ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کم کی گئی ہے۔کمیٹی ممبران نے مزید کہا کہ پاکستان میں 12 یا 14 لاکھ پازیٹو کیسز ہیں تو ایس او پیز پرعمل درآمد کروائیں، 80 فیصد لوگ ماسک نہیں پہن رہے۔جس پر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ جب اس کمیٹی میں آتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم تو تمام کام غلط کر رہے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم بے حس لوگ ہیں، کچھ نہیں کر رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close