فیصل واوڈا نااہلی کیس، جلد سماعت کی درخواست منظور، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امریکی شہریت رکھتے تھے، الزام

اسلام آباد(پی این آئی)فیصل واوڈا نااہلی کیس، جلد سماعت کی درخواست منظور، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امریکی شہریت رکھتے تھے، الزام، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست منظور کر لی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر

فاروق نے اس ضمن میں رجسٹرار آفس کو ہدایات جاری کر دیں۔درخواست گزار میاں فیصل کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی کہ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے، ان کے خلاف رٹ پٹیشن کی گزشتہ سماعت 29 جنوری 2020ء کو ہوئی۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست زیرِ سماعت ہے، فیصل واوڈا نے 11 جون کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے، جو ریٹرننگ افسر نے 18 جون کو منظور کیے۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کرنے کی درخواست 22 جون کو جمع کرائی۔درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ فیصل واوڈا نے غیر قانونی طور پر پبلک آفس سنبھال رکھا ہے، انہوں نے ابھی تک نااہلی درخواست پر اپنا جواب عدالت میں جمع نہیں کرایا۔درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ فریقین جان بوجھ کر معاملے کو طول دینا چاہتے ہیں، جنوری 2020ء کے بعد سے کیس کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا سکا۔عدالتِ عالیہ نے فیصل واوڈا اور الیکشن کمیشن سمیت فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close