جامشورو میں 500 کے وی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی، حیدرآباد گرڈ اسٹیشن کے 110 فیڈرز پر بجلی کی سپلائی منقطع، بحالی کا عمل جاری

جامشورو(پی این آئی)جامشورو میں 500 کے وی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی، حیدرآباد گرڈ اسٹیشن کے 110 فیڈرز پر بجلی کی سپلائی منقطع، بحالی کا عمل جاری،جامشورو میں 500 کے وی گرڈ اسٹیشن کے یارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے حیدرآباد کے تمام گرڈ اسٹیشن کے 110 فیڈرز پر بجلی کی سپلائی منقطع ہو

گئی۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کے باعث حیدرآباد، کوٹری، ٹنڈو محمد خان سمیت بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ترجمان حیسکو کاکہنا ہےکہ تمام فیڈرز پر بجلی بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آگ سے متاثرہ فیڈرز پر 98 فیصد بجلی بحال کردی گئی ہے اور 5 سے 6 گھنٹے میں دیگر متاثرہ گرڈزپر بجلی کی فراہمی بحال ہوجائے گی۔دوسری جانب ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کہنا ہےکہ 500 کے وی جامشوروگرڈ اسٹیشن کے 132کے وی سوئچ یارڈ میں آگ لگی اور آگ تکنیکی فالٹ کی وجہ سے لگی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 220 کے وی ہالہ روڈ گرڈ اسٹیشن اور ٹی ایم خان روڈ گرڈ اسٹیشن بحال ہوگئے جب کہ کراچی کو بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی اور یہ معمول کے مطابق جاری ہے۔علاوہ ازیں ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ گزشتہ رات جامشورو گرڈ کے 132 کے وی سوئچ یارڈ میں اسپارک کی وجہ سے آگ لگی تھی، این ٹی ڈی سی اور حیسکو ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کرآگ پر قابو پایا۔ترجمان نے کہا کہ تقریباً 2 گھنٹوں میں ہی این ٹی ڈی سی کا پورا 500 اور 220کے وی کا سرکٹ بحال کر دیا گیا جب کہ کراچی کو نیشنل گرڈ سےفراہمی ابتدائی ٹرپنگ کے فوراً بعد بحال کر دی گئی تھی۔پاور ڈویژن نے جامشورو گرڈ میں آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close