آگئی وہ خبر جس کا شدت سے انتظار تھا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی سفارش کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی سفارش کر دی گئی، سینیٹ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن 10 فیصد بڑھانے کی سفارش کردی ، سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کی بجٹ سفارشات قومی اسمبلی بھجوا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے

روز سینیٹ نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی آئندہ مالی سال کے بجٹ 2020-21ء پر مرتب کردہ سفارشات کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔یہ سفارشات قومی اسمبلی کو بھجوائی جائیں گی۔ بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کمیٹی کی سفارشات ایوان میں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے 93 سفارشات کی اتفاق رائے سے منظوری دی ہے۔سینیٹ نے سفارش کی ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں کم از کم 10 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔ سینیٹ نے سفارش کی ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کو بجٹ سیشن 2020-21ء کے دوران سخت محنت اور بالخصوص ہیلتھ ایمرجنسی اور کورونا وائرس کی صورتحال میں فرائض انجام دینے پر چھ اعزازیئے دیئے جانے چاہئیں۔سینیٹ نے سفارش کی کہ احساس یوتھ لون پروگرام کے لئے سٹیٹ بینک کا ریلیف وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بھی دیا جانا چاہیے۔ سینیٹ نے سفارش کی کہ وفاقی دارالحکومت میں کام کرنے والے طبی اور نیم طبی عملے کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ کیا جانا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے سفارشات کی منظوری دیدی۔ سفارشات قومی اسمبلی بھجوا دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی، پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی حکومتوں نے پیش کیے گئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ کرونا وبا کے باعث ملک کی معیشت مشکلات کا شکار ہے، اس لیے اگلے مالی سال کیلئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close