اسلام آباد میں حکومت چھوٹے تاجروں کیلئے چھ ماہ کا کرایہ معاف کرے، طاہر عباسی ریسٹورنٹس کھولے جائیں، لاک ڈاؤن ایک دن تک محدود کیا جائے، خالد چوہدری، ملک ربنواز

اسلام آباد ( پی این آئی )  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں اور ابھی بھی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ چھوٹے تاجروں کی حالت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے ، اس صورتحال

میںحکومت بجلی کے بلوں کی طرز پر چھوٹے تاجروں کا چھ ماہ کا کرایہ معاف کرے یا خود ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک ربنواز، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی خالد محمود چوہدری، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر محبوب احمد خان اور سابق نائب صدر سعید احمد بھٹی سے ایک ملاقات میں کیا۔ آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی آئی نے پانی کے بلوں میں کئی سو گنا اضافہ کر دیا ہے جو اسلام آباد کے شہریوں اور تاجروں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ عام لوگ موجودہ پی ٹی آئی حکومت کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں جبکہ سب کچھ موجودہ میئر شیخ انصر عزیز کے ایما پر حکومت کو بدنام کرنے کیلئے ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کے بلوں میں غیر قانونی اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار ماہ کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریسٹورنٹس بند پڑے ہیں اور ہزاروں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے اور لاک ڈاؤن ہفتہ وار ایک چھٹی تک محدود کیا جائے جبکہ کاروبار کی ٹائمنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں