وفاقی دارالحکومت کے مزید 4 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ ، علاقہ مکینوں کو ضروری ہدایات جاری

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارلحکومت میں کورونا خدشات کے باعث مزید4 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جی ٹین فور، جی سیون ٹو، سیکٹرجی سکس2، اور جی سکس ون کورونا کے ہاٹ اسپاٹ علاقے بن گئے، ان علاقوں سے وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنے کیلئے سیل کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے

مطابق ضلعی انتظامیہ نے کورونا کے زیادہ متاترہ مزید چار علاقوں کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ان علاقوں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جس سے کیسز کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر سیکٹرجی سکس2، جی سکس ون، جی ٹین فور اور جی سیون ٹو کو سیل کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ غوری ٹاؤن کے ساتھ فیز پہلے ہی سیل ہوچکے ہیں۔ ان علاقوں میں صرف چند روز میں 40 کیسز اور 25 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ان علاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 36 گھنٹوں میں ان علاقوں کو مکمل سیل کردیا جائے گا اس لیے لوگ اشیائے ضروریہ کی مناسب مقدار جمع کرلیں۔اس سے قبل اسلام آباد میں زیادہ متاثر علاقے سیکٹر آئی ایٹ 3، آئی ایٹ 4، آئی ٹین 2 اور آئی ٹین مرکز کو سیل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا کیسز پھیلنے کے سبب اسمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے۔ جس کےتحت لاہور میں مزید 8 علاقوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں گلبرگ، ڈی ایچ اے، گلشن راوی، فیصل ٹاؤن ،گارڈن ٹاؤن اور اندرون شہر علاقے شامل ہیں۔ ان میں 3 ہزار 613 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ پانچ روز قبل 21 علاقوں کی 61 گلیوں اور بلاکس میں لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ مجوزہ علاقوں کو بند کر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ دیا جائے گا۔ ان علاقوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 کو نافذ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close