اسلام آباد(پی این آئی)ناراض اتحادیوں کا کیا کریں؟ حکومت نے حکمت عملی تیار کر لی، وزیراعظم نےہدایات جاری کر دیں، حکومت نے بی این پی مینگل کو منانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی بی این پی مینگل سے رابطہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی
کمیٹی کوبی این پی مینگل سے رابطے کی ہدایت کردی اور کہا کہ بی این پی مینگل کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6نکاتی معاہدے پر عملدرآمد ہوگا، گزشتہ روز شبلی فراز کا بھی بی این پی مینگل سے رابطہ ہوا تھا ۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک ، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، شبلی فراز مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کی سیاسی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے میں کہا کہ آج ایوان میں پی ٹی آئی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ 2 معاہدے ہوئے، ہم بنی گالہ نہیں گئے، وہ کوئٹہ آئے تھے۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اختر مینگل نے مزید کہا کہ ایک سال میں ہم نے سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیکھا، اجلاس میں تمام ممبران مایوسی کا اظہار کرتے تھے، ہمارے معاہدے ایک نکتے پر نہیں ایک معاہدہ اگست اور ایک ستمبر میں ہوا تھا، نعیم الحق کے بعد ایک کمیٹی جہانگیر ترین کی سربراہی میں بنی اور اب جہانگیر ترین بھی یہاں موجود نہیں ہیں وہ بھی چلے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں