پشاور میں راہزنی کا ڈرامہ رچانے والا بینک منیجر ساتھی سمیت گرفتار، دس لاکھ روپے برآمد

پشاور (پی این آئی) کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے محض چند گھنٹوں کے اندر اندر پلاٹ خریداری سے نالاں ہو کر بھاری نقصان سے بچنے کی خاطر راہزنی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق بشیر آباد سے ہے جو کہ یو بی ایل بینک پھندو برانچ میں بینک منیجر ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے

دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ملزم کا نام بھی اگل دیا ہے جس پر شریک ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کی نشاندھی پر 10 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے ہیں جن سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی گل محمد ولد شیر محمد سکنہ بشیر آباد جو کہ یونائیٹڈ بینک پھندو برانچ میں منیجر ہے نے گزشتہ روز تھانہ چمکنی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ بینک سے واپس گھر جا رہا تھا کہ انقلاب روڈ اراضیات چمکنی میں کسی نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اس سے 19 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ چمکنی حفیظ الرحمن نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے مشتبہ اور مشکوک افراد کے ساتھ ساتھ بینک عملہ کو بھی شامل تفتیش کیا جبکہ مدعی کے بار بار متضاد بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بھی انٹاروگیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس نے ابتدائی اور سرسری تفتیش کے دوران پلاٹ خریداری سے نالاں ہو کر راہزنی کا ڈرامہ کر کے بھاری نقصان سے بچنے اور سودا واپس کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ساتھی کا نام بھی اگل دیا جس پر اس کے دوسرے ساتھی محمد فواد ولد جہانزیب سکنہ پھندو پایان کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کی نشاندھی پر ملزمان کے قبضے سے 10 لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جبکہ ملزم نے نو لاکھ روپے واپس اکاؤنٹ میں جمع کرنے کا بھی انکشاف کیا۔تفتیش کے نئے رخ کو سامنے رکھتے ہوئے مدعی ملزم گل محمد اور اس کے ساتھی کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close