ایک اور یورپی ملک نے عالمی وبا کورونا کو شکست دیدی، لاک ڈائون کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان

فرانس (پی این آئی) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام شہری کام پر واپس آ سکتے ہیں۔ریسٹورنٹ اور کیفے کو بھی آج سے دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے اپنے شہریوں کو دیگر یورپی

ممالک کے سفر کی بھی اجازت دے دی ہے۔آج سے متعدد دیگر یورپی ممالک نے بھی لوگوں کی آمدورفت کے لیے سرحدیں کھول دی ہیں۔فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔پورے ملک میں ہم کورونا کے خلاف نیا ورق الٹنے جا رہے ہیں تاہم وائرس کے لوٹنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 جون سے سکول دوبارہ کھل جائیں گے تاہم ہائی سکول ابھی نہیں کھولے جائیں گے۔فرانس کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث نافذ بیشتر پابندیاں ختم کی جارہی ہیں، فرانس بھر میں پیر سے کیفے اور ریستوران کھل گئے ہیں۔فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 29407 اموات ہوئی ہیں۔ فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 157220ہے۔فرانس میں کورونا وائرس کے باعث نافذ پابندیاں ختم ہونے کے بعد شہری اب ریٹائرمنٹ ہومز میں جاکر اپنے خاندان کے افراد سے بھی مل سکیں گے۔اس سے قبل ٹیلی وڑن پر خطاب میں فرانس کے صدر نے کہا کہ فرانس نے پہلی فتح حاصل کر لی ہے‘ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ وائرس لوٹ کر آسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم پورے ملک میں ایک نئے باب کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پیر سے پیرس میں بھی پابندیاں ختم ہوں گی جو کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقے تھا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ 22 جون سے ہائی سکولز کے علاوہ ملک میں تمام سکولز بھی کھل جائیں گے۔علاوہ ازیں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے یورپ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں جو چین اور امریکہ پر کم انحصار کرے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے گزشتہ روز تیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا بحران نے ہماری خامیوں اور خوبیوں کو بے نقاب کر دیا ہے کیونکہ ہم نے بعض اشیاء کے لیے دیگر ممالک پر انحصار کیا لہذا وہ چاہتے ہیں کہ پورا یورپ اس سے سبق سیکھے اور مضبوط ہو تاکہ وہ چین اور امریکہ پر کم انحصار کرے۔ واضح رہے کہ فرانس نے 8 ہفتے بعد لاک ڈائون ختم کر دیا ہے اور کورونا وائرس نے فرانس اور یورپ کے چین اور دیگر ممالک پر امدادی سامان کی فراہمی کے انحصار کا راز افشا کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں