کورونا میں مبتلا مائیں نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلا سکتی ہیں، عالمی ادارہ صحت نے ہدایت جاری کر دی

نیو یارک(پی این آئی)کورونا میں مبتلا مائیں نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلا سکتی ہیں، عالمی ادارہ صحت نے ہدایت جاری کر دی،عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا نئی مائیں اپنے نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں۔اگرچہ پہلے بھی عالمی ادارہ صحت سمیت اقوام متحدہ کی بچوں سے

متعلق ذیلی تنظیم یونیسیف کے علاوہ دیگر عالمی اداروں کے ماہرین بھی کہ چکے تھے کہ کورونا کے خوف سے مائیں بچوں کو دودھ پلانا بند نہ کریں۔تاہم یہ پہلا موقع ہےکہ عالمی ادارہ صحت نے واضح طور پر کہا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والی مائیں بھی بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیدروس ایڈہانوم نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ 12 جون کو ورچوئل پریس بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ اب تک کی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ماؤں کے دودھ میں کورونا موجود نہیں رہتا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کورونا میں مبتلا نئی ماؤں کو نوزائیدہ بچوں کو لازمی طور پر اپنا دودھ پلانا چاہیے اور انہیں اپنے بچوں سے الگ بھی نہیں کیا جانا چاہیے۔ٹیدروس ایڈہانوم کے مطابق نوزائیدہ بچوں کو دودھ نہ پلانے کے نقصانات کہیں زیادہ ہیں اور بچے اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔عالمی ادارے کے سربراہ کے مطابق انہوں نے کورونا میں مبتلا ماؤں کے دودھ میں کورونا کی موجودگی اور ان کی جانب سے بچوں کو دودھ دینے کے حوالے سے مفصل تحقیق کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں