کراچی کے ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے، انڈس اسپتال نے مزید مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کردیا

کراچی(پی این آئی):کراچی کے ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے، انڈس اسپتال نے مزید مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کردیا، شہر قائد میں کورونا وائرس کی وبا تشویش ناک حد تک پھیل گئی، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے جب کہ انڈس اسپتال نے جگہ بھرجانے کے سبب مزید مریضوں کو داخل کرنے

سے انکار کردیا۔میڈیاکے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے قائم وارڈز میں جگہ ختم ہوگئی ہے، حکومت سندھ کی جانب سے نجی اسپتال انڈس کے ساتھ مل کر کورونا مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر نے کے لیے کام کیا جا رہا تھا۔جمعہ کی رات انڈس اسپتال انتظامیہ نے اسپتال کے باہر بورڈ آویزاں کردیا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قائم وارڈز مکمل طور پر بھر چکے ہیں لہذا اب کورونا کے مریضوں کو اسپتال میں داخل نہیں کیا جائے گا۔ اس نوٹس سے معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگا جاسکتا ہے۔انڈس اسپتال کو سندھ حکومت کی جانب سے کٹس بھی فراہم کی گئی تھیں اور سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر کورونا مریضوں کو طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی تھیں، اب جو مریض اسپتال میں داخل ہیں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائے گی لیکن نئے مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق ایک بڑے نجی اسپتال کے سینئر ڈاکٹر نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس انتہائی تشویش ناک حد تک پھیل چکا ہے، ان مریضوں کو کن اسپتالوں میں بھیجا جائے کوئی انہیں داخل کرنے کو تیار نہیں، ان مریضوں کو کہاں بھیجا جائے؟ صورتحال بہت خراب ہوگئی ہے کچھ سمجھ نہیں آرہا۔ ڈاکٹر نے اپیل کی ہے کہ فوری طور سندھ حکومت ایک سینٹرل ہیلپ لائن بنائے تاکہ مریضوں کو فوری طور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے مریضوں کو ایک سے دوسرے اسپتال بھیجا جارہا ہے لیکن اسپتالو ں میں کورونا مریضوں کو داخل نہ کرنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور ان کے ٹیسٹ بھی نہیں کیے جارہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close