پٹرول سستا کیوں کیا، پمپ مالکان نے بڑے شہروں میں سپر پٹرول غائب کر دیا، شہری خوار ہو گئے

کراچی(پی این آئی)پٹرول سستا کیوں کیا، پمپ مالکان نے بڑے شہروں میں سپر پٹرول غائب کر دیا، شہری خوار ہو گئے۔ملک بھر میں پٹرول بحران شدت اختیارکرگیا، شہری سستا پٹرول مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ کراچی کے مختلف پیٹرول پمپ پر پیٹرول کی جزوی کمی سے عوام پریشان دکھائی دے رہے ہیں

اور پیٹرول پمپ پرعوام کی قطاریں دکھائی دے رہی ہیں۔پیٹرول کی قلت کے باعث عوام ہائی اوکٹین پیٹرول خریدنے پر مجبور ہے، ہائی اوکٹین کی قیمت عام پٹرول سے زیادہ ہوتی ہے۔ پمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی سپلائی نہ ہونے کے باعث عوام کو پیٹرول نہیں دے سکتے۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں ایک جیسی صورتحال ہے۔ لاہور میں 400 پیٹرول پمپس ہیں جن میں سے اکثر بند ہیں اور پورے شہر کو صرف چھ سے سات لاکھ لیٹر تیل فراہم کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور نجی کمپنیوں کی بد دیانتی کے باعث پٹرول کی سپلائی میں بہت زیادہ کمی آئی ہے۔ کئی مالکان نے پٹرول ہونے کے باوجود پمپ بند کرلیے اسی وجہ سے پٹرول نہیں مل رہا۔جبکہ گزشتہ روزشہر میں 8 لاکھ لیٹر پٹرول کی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔دوسری جانب ترجمان پی ایس او نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام پیٹرولیم مصنوعات کے تسلی بخش ذخائر موجود ہیں اور پاکستان بھر میں تمام پی ایس او فیول اسٹیشنز پر فیول کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے، ملک بھر میں فیول کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وافر مقدار میں فیول موجود ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں