قبائلی ضلع کرم سے قومی اسمبلی کے رکن منیر اورکزئی انتقال کر گئے، تعلق جے یو آئی ف سے تھا

خیبر پختونخوا (پی این آئی)قبائلی ضلع کرم سے قومی اسمبلی کے رکن منیر اورکزئی انتقال کر گئے، تعلق جے یو آئی ف سے تھا،خیبر پختونخوا کے ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے جمعیت علماءاسلام (ف) کے رہنما منیر اورکزئی انتقال کر گئے۔منیر اورکزئی 2018 کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ٹکٹ پر

ضلع کرم سے قومی اسمبلی کی نشست این اے45 پر کامیاب ہوئے تھے۔ منیر اورکزئی اپریل میں کورونا سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایاگیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیئے گئے تھے۔ بعدازاں 15 مئی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران ان کی طبعیت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ان کے اہلخانہ نے تصدیق کہ وہ کورونا وائرس سے سے صحتیاب ہوگئے تھے۔ منیر اورکزئی طویل عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے ۔اہلخانہ نے بتایا کہ صبح سویرے جب انہیں نماز کےلئے جگایا گیا تو وفات پاچکے تھے جس پر انہیں چیک اپ کےلئے سول ہسپتال ٹل پہنچایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گائوں مندوری ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، مولانا فضل الرحمن ودیگرنے منیر اورکزئی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کیلئے دعاکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close