کیسز اور اموات میں ہوشربا اضافے کے بعد بھارت بھی کورونا سےسب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا، مجموعی طور پر کتنے کیسز سامنے آگئے ؟

نئی دہلی (پی این آئی) کیسز اور اموات میں ہوشربا اضافے کے بعد بھارت بھی کورونا سےسب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا، مجموعی طور پر کتنے کیسز سامنے آگئے ؟۔ بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد جرمنی اور فرانس سے بھی بڑھ گئی، سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں

ساتویں نمبر پر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد جرمنی اور فرانس سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق بھارت میں گزشتہ روز کورونا کے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کے روز بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 5 ہزار 608 ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی میٹر کے مطابق بھارت میں مہلک وائرس کے باعث اب تک 95 ہزار 754 افراد صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ اس وقت وائرس زدہ 9 ہزار کے قریب افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close