ریاض (پی این آئی) سعودی حکومت نے دو وقت کی نماز باجماعت مساجد میں ادا کرنے کی اجازت دیدی مگر کب سے؟ تفصیلات آگئیں… سعودی حکومت نے 4 جون سے کرفیو کے دوران فجر اور عشاء کی نماز مسجد میں ادا کرنے کی اجازت دے دی، سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کر دیا گیا، 31مئی سے
مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نمازوں کی مشروط اجازت بھی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے کرفیو کے اوقات کے دوران بھی لوگوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں 31 مئی سے مکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر تمام علاقوں میں نافذ کرفیو میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ جبکہ لوگ صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک نا صرف گھروں سے باہر نکل سکیں گے، بلکہ انہیں مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت بھی ہوگی۔یہاں یہ وضاحت کی گئی ہے کہ فجر اور عشاء کی نماز کے وقت کرفیو نافذ رہے گا، تاہم لوگوں کو فجر اور عشاء کی نماز ادا کرنے کیلئے مسجد جانے کی اجازت ہوگی۔اس حوالے سے سے سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ مکہ معظمہ کی مساجد کے سوا ملک کی تمام مساجد میں نماز جمعہ اور با جماعت نمازوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے حکومت کی طرف سے مساجد میں نماز اور عبادت کے لیے نیا میکانزم تیار کیا گیاہے۔مساجد کو اذان سے پندرہ منٹ قبل کھولا جائے گا اور فرض نماز کی ادائی کے 10 منٹ کے بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وققہ ہوگا۔ نمازوں کی ادائی کے دوران مساجد کے تمام دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔ عارضی طور پر مساجد سے قرآن پاک کے نسخے اور کتب اٹھا لی گئی ہیں۔ نئے میکا نزم کے تحت دو نمازیوں کے درمیان دو نمازیوں کی جگہ خالی چھوڑی جائے گی جبکہ دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی رکھی جائے گی۔ مساجد کے تمام واٹر کولر بند کردیے جائیں گے۔مساجد میں کسی قسم کے کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازوں کے ادائگی کے دوران مساجد کی وضو گاہ کو بند رکھا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وضو گھروں سے کرکے مساجد میں آئیں۔ جمعہ کی نماز کے لیے مساجد میں احتیاطی تدابیر کے تحت نماز جمعہ سے صرف 20 منٹ قبل اذان کی جائے گی۔ مساجد کو نماز جمعہ سے 20 منٹ قبل کھولا اور نماز کے 20 منٹ بعد بند کردیا جائے گا۔ خطبہ جمعہ صرف 15 منٹ دینے کی اجازت ہوگی۔ مساجد میں ہرطرح کے دینی اور تعلیمی درس وتدریس اور تحفیظ القرآن کا سلسلہ تا حکم ثانی بند رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں