خواجہ آصف نے شوگر اسکینڈل کا اصل ملزم وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا

کراچی(پی این آئی)خواجہ آصف نے شوگر اسکینڈل کا اصل ملزم وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا۔پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چینی اسکینڈل میں اصل ملزم عمران خان ہیں، انہیں بچانے کیلئے کچھ لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے

بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا اس رپورٹ سے قبل بھی یہی مطالبہ تھا کہ اس اسکینڈل کے اصل سہولت کار وزیر اعظم عمران خان ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس رپورٹ پر مٹی ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی، ہم اس رپورٹ کے اصل حقائق منظر عام آنے تک خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ شوگرکمیشن رپورٹ میں 3 سوال اٹھتےہیں جن کاجواب رپورٹ میں نہیں دیا گیا ہے، رپورٹ میں جن کی طرف اشارہ ہے اس طرف کمیشن بات نہیں کرتا۔پہلا سوال ہے کہ چینی سے متعلق فیصلہ کرتے وقت صورتحال کا جائزہ کیوں نہیں لیاگیا؟ دوسرا سوال یہ کہ جب قیمتیں بڑھنی شروع ہوئیں تب ایکسپورٹ کو کیوں نہیں روکا گیا ، کیا حکومت کےلوگ اس مافیا سے ملے ہوئے تھے، جبکہ تیسرا سوال یہ ہے کہ اس مافیا کوسبسڈی کیوں دی گئی۔لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ نون واحد پارٹی ہے جس کا احتساب ہو رہا ہے، نواز شریف عدالتوں میں پیش ہوئے ،شاہدخاقان عباسی آج بھی کمیشن کےآگے پیش ہو رہے ہیں، یہ عدالتوں کا احترام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 2002 ءسے منی لانڈرنگ شروع کی تھی، فارن فنڈنگ معاملے میں حکم امتناعی کیوں لیا گیا، بلین ٹری کہاں ہیں اس کا حساب دینا ہوگا ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں جب بھی ایمنسٹی آئی عمران خان اوراس کےخاندان نے فائدہ لیا، انہوں نے تو فارن فنڈنگ پر اسٹے لیاہوا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔لیگی رہنما نے کہا کہ کل تک کنٹینر پر کھڑے ہوکر بھڑکیں مارنے والے وزیر اعظم خود کو احتساب کے لئے کیوں نہیں پیش کرتے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس اوربیرون ملک ہوٹلوں کا سودا کیاجارہا ہے، ہوٹل انڈسٹری بیٹھ گئی ہے تب ہوٹل بیچے جا رہے ہیں، یہ ایک اور ڈاکے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے پیچھے وزیر اعظم کے چہیتے معاون خصوصی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close