کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت کا کونسا نمبر آگیا؟ بھارتیوں کیلئے تشویشناک خبر

نئی دہلی (پی این آئی) بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ایشیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا، بھارت میں کرونا وائرس کا انتہائی تیزی سے پھیلائو، ایک دن میں ریکارڈ 5611 کیسز ، متاثرین کی مجموعی تعداد 106750 تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں مہلک کورونا وائرس انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ایک دن میں ریکارڈ 5611 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 106750 تک پہنچ گئی ہے۔بدھ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے بھارت میں مزید 140 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3303 ہوگئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5611 نئے کیسزسامنے آئے ہیں۔اس سے ایک دن پہلے 4970 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے گزشتہ 24 گھنٹے میں 140 افراد لقمہ اجل بن گئے۔بھارت میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹرمتاثرہوئی ہے جہاں مجموعی کیسز کا ایک تہائی حصہ کا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4083 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ریاست میں متاثرین کی مجموعی تعداد 37136 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے مہاراشٹر میں 1325 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت اب مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ایشیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ترکی مہلک وبا سے زیادہ متاثرہ ایشیائی ملک ہے، جبکہ اس کے بعد ایران اور پھر بھارت کا نمبر آتا ہے۔ تینوں ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہے۔ جبکہ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اب تک 3 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے، جبکہ تقریباً 20 لاکھ افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close