کراچی (پی این آئی) مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں واضح کمی ریکارڈ، کاروباری روز کے اختتام پر امریکی کرنسی کی قیمت مزید 60 پیسے کی کمی سے 160 روپے کی سطح سے بھی نیچے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل کئی روز تک ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آتا رہا، تاہم 2 روز سے امریکی کرنسی
کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 60 پیسے سستا ہونے کے بعد 160 روپے کی سطح سے بھی نیچے آ گیا۔کاروبارہ روز کے اختتام پر امریکی ڈالر 160 روپے 10 پیسے سے کم ہو کر 159 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگیا۔ امریکی کرنسی کی قدر میں آج کے دن میں 60 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی۔ گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 84 پیسے کی کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 161 روپے کی سطح سے نیچے آگئی تھی۔واضح رہے کہ کرونا بحران پیدا ہونے کے بعد پاکستانی روپیہ بدترین مندی کا شکار ہوا تھا۔ملک کی کرنسی مارکیٹ میں پہلی مرتبہ ڈالر کی قیمت 165 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں بیرونی امداد اور سرمایہ کاری موصول ہونے کے بعد روپیہ کی قدر میں بہتری آئی۔ ڈالر کی قیمت 165 سے کم ہو کر 158 روپے کی سطح تک واپس آ گئی تھی، تاہم گزشتہ کچھ روز کے دوران پھر سے امریکی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوا، اور اب کرنسی مارکیٹ میں اس کی قیمت 160 روپے سے نیچے کی سطح پر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں