لاک ڈاون میں بھوک سے کوئی نہیں مرا، نرمی سے کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئے گی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے الرٹ کر دیا

کراچی(پی این آئی)لاک ڈاون میں بھوک سے کوئی نہیں مرا، نرمی سے کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئے گی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے الرٹ کر دیا،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ان دنوں کوئی شخص بھی بھوک کے باعث نہیں مرا، لاک ڈاؤن میں نرمی کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بنے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اکرام تنیو کا کہنا تھا کہ حالات بہت بُرے ہیں، ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بنے گی۔ڈاکٹر اکرام تنیو کا کہنا تھا کہ اس مرض سےڈرتے نہیں نہ ہی ہمیں ڈرنا چاہیے،کراچی میں کورونا وائرس کے کیس بڑھے تو دوسرے شہربھی متاثرہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں کوئی شخص بھی بھوک کےباعث نہیں مرا، اموات ان کی ہوئیں جوکسی بیماری یا کورونا وائرس کا شکار تھے۔رہنما پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ہم موجودہ لاک ڈاؤن سے مطمئن نہیں ہیں،راشن تقسیم کے مقامات پر جلوس لگے ہوئے ہیں،کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہترسے بہتر لاک ڈاؤن کو نافذ کیاجائے اور عالمی ادارہ صحت کے پروٹوکول پر عمل کیا جائے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ623 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ملک بھر میں ڈاکٹروں کی جانب سے بارہا لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کے مطالبات کیے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں آج 9 مئی سے مرحلہ وار نرمی کا اعلان کررکھا ہے جب کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے وفاق سے صوبے کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کی سفارش کی تھی اور آج ہفتے میں 4 دن کاروبار کھولنے اور 3 دن مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت نے ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن کے بعدپیر سے چھوٹی دکانیں اور کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں