کراچی(پی این آئی)ہفتہ اور اتوار، دو روز سندھ بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا، کسی کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق کل سندھ بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا، ان ذرائع نے مزید کہا کہ ہفتہ اور اتوار کولاک ڈاؤن پرسختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کے دوران کریانہ اسٹور، سبزی
اور گوشت کی دکانوں کو استثنٰی حاصل ہو گا۔ ذرائع سندھ حکومت نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ڈیری کی دکانیں بھی کھلی رکھی جا سکیں گی۔ کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل اسٹور کے علاوہ کسی اور کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔دریں اثناء سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری جمعہ کو کورونا کیسز کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 467 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق حیدرآباد میں 50، شہید بینظیرآباد میں 20، شکارپور اور لاڑکانہ میں 10 ،10 کیس سامنے آئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سکھر 9، مٹھیاری 9، گھوٹکی 6، میرپورخاص، دادو اور بدین میں 3,3 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ترجمان کے مطابق مرنے والوں میں سے چار کا تعلق کراچی اور ایک کا لاڑکانہ سے ہے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ فجر سے شام 5 بجے تک دکانیں کھلی رکھنے کے فیصلے پر سو فیصد عمل کریں گے، ہفتے اور اتوار کو سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن ہوا کرے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اپنے بزرگوں کی صحت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، باہر نکلنے والے افراد ماسک ضرور پہنیں۔سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ صرف وہ افرد گھر سے باہر نکلیں جنہیں اجازت ہے، بیمار اور بزرگ افراد گھروں سے نہ نکلیں، ذیابیطس اور امراضِ قلب کے مریض گھروں سے نہ نکلیں۔انہوں نے کہا کہ ضروری کاموں سے باہر نکلنے والے نوجوان بھی گھروں میں موجود اپنے بزرگوں کے پاس نہ جائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 532 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ہماری صلاحیت 5 ہزار 600 ٹیسٹوں کی ہے ہم نے 98 فیصد صلاحیت کو استعمال کیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں