اسلام آباد(پی این آئی)سینیٹ کا اجلاس 12 مئی کو طلب، سینیٹرز کوفاصلہ رکھنے کے لیے ایوان کے علاوہ گیلریوں میں بھی بٹھایا جائے گا،سینیٹ کا اجلاس 12مئی کو دن گیارہ بجے طلب کر لیا گیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ کی
ریکوزیشن سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔اپوزیشن کی ریکوزیشن پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کا اجلاس 12 مئی کی صبح طلب کیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کا کم سے کم ممکنہ اسٹاف اجلاس کے دوران دفتر آئے گا۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے لیے غیرمعمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اجلاس ایسے موقع پر ہونے جا رہا ہے جب کورونا کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹ ہال کے اندر ایس او پیز کے تحت انتظامات کیے گئے ہیں، گیلریز میں بھی اراکین سینیٹ کے لیے نشستیں مختص کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی سیشن 2 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو، اجلاس ایک ہفتے پر محیط ہو گا، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی جگہ اجتماع نہ ہونے پائے۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے ضروری نہیں کہ تمام اراکین بیک وقت سینیٹ اجلاس میں شریک ہوں، پارلیمانی لیڈران اپنے پارٹی اراکین کی شرکت کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔خیال رہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی پیر 11 مئی کو سہہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں