پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت کورونا کا پھیلاؤ کم ،اطمینان بخش تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت کورونا کا پھیلاؤ کم ہے۔ اس بارے میں وزیراعظم عمران خان اور دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا وائرس کے حوالے سے عمران خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دیگرممالک کی نسبت کورونا کا پھیلاؤ کم ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے،کورونا سے ہمیں صحت کے نظام میں بہتری کا موقع ملا ہے، ہمارے پاس وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں طبی سہولیات میں بہتری آئی ہے جس کے بعد ہمارے پاس تمام سہولیات موجود ہیں۔ ہمارے ملک میں ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ وینٹی لیٹرز کی بھی معقو ل تعداد موجود ہے۔چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان میں بھی اپنے قدم جما لئے ہیں جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔تازہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 564 ہو گئی ہے جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 ہزار 73 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,523 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 38 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ ملک میں کورونا کے 4 ہزار 464 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔کورونا وائرس کو ملک میں مزید پھیلنے سے بچانے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا جس کے بارے میں اب وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ 9 مئی سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیںاور تمام حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں