تلخیاں ختم، خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات خوشگوار ہو گئے

خیبرپختونخوا (پی این آئی)تلخیاں ختم، خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات خوشگوار ہو گئے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور دونوں فریقین کے درمیان تلخیاں ختم ہوگئیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق

غنی کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا تھا اچھا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللّٰہ اب ہم سب مل کر عوام کے لیے کام کریں گے، اپوزیشن کے تمام جائز مطالبات پر بات کریں گے۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی بھی خواہش تھی کہ تمام رنجشیں ختم ہوں، اپوزیشن لیڈر کا پیغام بھی وزیراعلیٰ کو پہنچایا جائے گا۔مشتاق غنی نے یہ بھی بتایا کہ بجٹ اجلاس سے پہلے اپوزیشن، وزیراعلیٰ کی ملاقات کروائی جائے گی۔میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ 2 ماہ سے اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تلخی تھی۔اکرم درانی نے بتایا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی کچھ دن پہلے میرے پاس آئے تھے، اسپیکر مشتاق غنی مسئلے کا حل چاہتے تھے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میرے گھر آنے پر اسپیکر اور دیگر وزراء نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔اکرم درانی نے کہا کہ حکومتی اراکین نے آئندہ کوئی گلے شکوے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام تلخیاں ختم کردی گئی ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، ہمارا ان سے گلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہے کہ اسپیکر کی طرح وزیرِ اعلیٰ بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے بھی امید کا اظہار کیا کہ انشاء اللّٰہ آئندہ اسمبلی کا اجلاس خوش اسلوبی سے ہوگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں