لاہور(پی این آئی)گندم کی تیار فصلوں پر ٹڈی دل کا حملہ، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل پر سپرے کیا جائے، کسانوں کا مطالبہ،پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دَل نے ایک بار پھر یلغار کردی اور گندم اور دیگر تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔جنوبی پنجاب رحیم یار خان کے علاقے گانگا
نگر اور میانوالی قریشیاں میں ٹڈی دل نے حملہ کرکے کھڑی فصلوں کو شدیدنقصان پہنچایا ہے۔کسان اتحاد کے مطابق ٹڈی دل نے گنےکی فصل اور آم کے باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسپرے جاری ہے۔راجن پور میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کیا ہے اور ان کے خاتمے کے لیے فضائی اور زمینی اسپرے کیا جارہا ہے۔دوسری جانب سندھ میں لاڑکانہ، نوڈیرو، رتوڈیرو اور ڈوکری میں بھی ٹڈی دل کی یلغار سے گندم اور دیگر تیار فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں اسپرے نہ کرائے جانے پر وزیراعظم عمران خان کویاد دہانی کرائی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے گذشتہ روز وزیراعظم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ فصلوں پر ٹڈیاں 15 مئی کے بعد بڑا حملہ کرسکتی ہیں، 6 مارچ کو صوبے میں اسپرے کے لیے درخواست کی تھی لیکن یقین دہانی کے باوجود کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جلد فصلوں پر اسپرے نہیں کیا گیا تو فصلوں کو بہت نقصان ہوگا جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار ٹڈی دل کا حملہ گزشتہ سال سے زیادہ بڑا ہوگا اس لیے وفاقی حکومت ٹڈی دل کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال بھی ٹڈی دل نے ملک بھر میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور بڑی تعداد میں کسانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں