اسلام آباد(پی این آئی)مہنگائی کنٹرول کریں، پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا فائدہ عوام تک پہنچائیں، وزیر اعظم عمران خان کی صوبائی حکومتوں کو ہدایت،وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام افراد تک پہنچایا جائے۔ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر
پختون خوا کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر صورت تمام مصنوعات کی قیمتیں کم کروائیں۔وزیرِ اعظم نے صوبوں کو مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون لیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئل پرائسز بڑھنے پر بلا تاخیر مہنگائی کی جاتی رہی ہے، اب تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے، ہر صورت قیمتیں کم کروائیں بصورت دیگر ایکشن لیں۔دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان آج چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں، پیکیج کے تحت حکومت کمرشل اور صنعتی یونٹس کے 3 ماہ کے بجلی کے بل خود ادا کرے گی۔چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کے لیے وفاقی حکومت نے 50 ارب روپے مختص کیے ہیں، پیکیج سے ملک بھر میں 33 لاکھ چھوٹے یونٹس چلانے والے مستفید ہوں گے۔3 ماہ کے بجلی کے بل کی تخمینہ رقم چھوٹا کاروبار کرنے والے کے مئی کے بل میں بھیج دی جائے گی۔کورونا ریلیف فنڈ کے تحت مزدور احساس پروگرام بھی ساتھ ہی شروع ہو جائے گا، جس سے لاکھوں بے روزگار اور دیہاڑی دار مستفید ہوں گے۔،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں