ڈکیتیوں میں مزاحمت پر دو شہری ڈاکوؤں کےہاتھوں مارے گئے، پولیس خاموش تماشائی

راولپنڈی/ لاہور(پی این آئی):ڈکیتیوں میں مزاحمت پر دو شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے گئے، رمضان المبارک کے مقدس ایام میں مبینہ ڈاکوؤں نے صوبہ پنجاب کے دو شہروں میں دو شہریوں کی جانیں لے لیں۔ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے وارداتیں اورفائرنگ اس وقت کی

جب شہروں میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے اور اہم شاہراہوں سمیت گلی محلوں تک میں پولیس کی نفری ناکے لگا کر مستعد کھڑی ہوئی ہے.نجی ٹی وی کے مطابق تھانہ صدر راولپنڈی کی حدود میں واقع رنیال میں مسلح ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اس وقت فائرنگ کی جب مقامی تاجر نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں مقامی تاجر رانا ولایت جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے جائے وقوع پہ پہنچ کر نعش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔میڈیا کے مطابق لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 45 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوع پہ پہنچ کر نعش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی اور جائے حادثہ سے ثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔میڈیا کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے جائے وقوع کا دورہ کیا اورحالات و واقعات کا خود بھی جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد نے اس موقع پر ہم نیوز سے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں