اسلام آباد (پی این آئی):نامور شاعر احمد فراز کے صاحبزادے سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اطلاعات کے منصب کا حلف اٹھا لیا،پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ایوانِ صدر اسلام آباد میں شبلی فراز کی حلف برداری کی تقریب
ہوئی جس کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔شبلی فراز کو وزارتِ اطلاعات و نشریات کی وزارت دی گئی ہے، انہیں گزشتہ روز کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان کو معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاونِ خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات بنا دیا گیا ہے، تمام تعیناتیوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔اس سے قبل شبلی فراز سینیٹ میں قائد اعوان جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی رہے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ میجر جنرل آصف غفور سے قبل عاصم سلیم باجوہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی کابینہ میں اطلاعات کی وزارت میں یہ تیسری مرتبہ تبدیلی کی گئی ہے۔معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس اعوان سے قبل موجودہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری وزیرِ اطلاعات کے منصب پر فائز تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں