عثمان بزدار بڑے بڑے کام کرنے لگے، 8 کروڑ کی زمین کا 20 سال بعد قبضہ چھڑا دیا، شاباش بزدار

اوکاڑہ(پی این آئی) عثمان بزدار بڑے بڑے کام کرنے لگے، 8 کروڑ کی زمین کا 20 سال بعد قبضہ چھڑا دیا، شاباش بزدار،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے 8 کروڑ روپے مالیت کی زمین 20 سال بعد واگزار کروالی، واگزار کروائی گئی 21 ایکڑ میں سے 9 ایکڑ زمین پر گندم کاشت کی

گئی تھی، 2 سو من سے زائد گندم انتظامیہ کی جانب سے محکمہ خوراک کو جمع کروا دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے چند روز قبل کیے گئے دیپالپور کے دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سید عباس رضا رضوی نے یہ معاملہ اٹھایا کہ کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر نا جائز قبضہ ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے نا صرف ممبر کالونی عرفان سندھو کو اس معاملے کے حوالے سے اوکاڑہ بھجوایا بلکہ ناجائز قابضین سے سرکاری زمینیں واگزار کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے تینوں تحصیلوں کی انتظامیہ کو ناجائز قبضے چھڑوانے کی ہدایات جاری کیں، اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور خالد عباس نے بتایا کہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انتظامیہ نے قصبہ شیرگڑھ اور اس سے ملحقہ 23 ڈی میں علی ریاض کرمانی کے زیر قبضہ 21 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 21 ایکڑ میں سے9 ایکڑ اراضی پر گندم کاشت کی ہوئی تھی جو تقریباً 2 سو من بنتی ہے، انتظامیہ نے یہ گندم بھی اپنی تحویل میں لے کر محکمہ خوراک کو جمع کروا دی، رابطہ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف ضلع اوکاڑہ کے صدر سید عباس رضا رضوی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے میری نشان دہی پر جس طرح سرکاری زمینوں پر کیے گئے ناجائز قبضے واگزار کروانے کا کا م شروع کیا ہے، میں اس پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس کام میں ڈپٹی کمشنر عثمان علی، اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور خالد عباس اور محکمہ مال کے دیگر عملے کی طرف سے جس طرح جانفشانی سے کام کیا گیا اس پر وہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔سید عباس رضا رضوی نے کہا کہ میں نے ناجائز قابضین کے خلاف جو آواز اٹھائی ہے اس پر پوری ہمت کے ساتھ قائم رہوں گا، وزیر اعلیٰ پنجاب ضلع بھر میں ناجائز قابضین کے زیر قبضہ سرکاری زمینیں واگزار کروائیں، عوام ان کا بھر پور ساتھ دے گی، ان سرکاری زمینوں کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی طاقتور یا با اثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر کوئی نہیں، میں ضلع میں ایک ایک انچ سرکاری زمین سے ناجائز قبضہ چھڑوائے جانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو میں خود بھی آگاہ رکھوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں