کورونا کے لیے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں پونے تین ارب روپے جمع، عوام نے غریبوں کے لیے جیبیں الٹا دیں

اسلام آباد (پی این آئی)لاک ڈاؤن کے باعث متاثرین کی امداد کے لیے احساس ٹیلی تھون نشریات میں شہریوں، سمندر پار پاکستانیوں،صنعت کاروں، شوبز شخصیات اور کھلاڑیوں کی طرف سے بھرپور امداد کا اعلان کیا گیا، اس دوران 55 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کی گئی جبکہ کورونا ریلیف فنڈ میں مجموعی طور پر

پورے تین ارب روپے جمع کر لیے گئے۔وزیراعظم عمران خان نے بھی “احساس ٹیلی تھون” میں شرکت، ٹیلی تھون میں ٹیلی فون کال کرنے والوں سے دلچسپ تبادلہ خیال کیا۔نجی ٹیلی ویژن پر ٹیلی تھون میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام جیسا شفاف پروگرام پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ لاک ڈاؤن کے باعث متاثرین کی امداد کے لیے کورونا ریلیف فنڈ ٹیلی تھون نشریات جاری ہیں۔وزیراعظم عمران خان اس ’احساس ٹیلی تھون‘ میں عوام سے براہ راست عطیات وصول کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کی جمع پونجی ختم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسی صورتحال کبھی نہیں ہوئی جیسی آج ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو آگے وقت آرہا ہے اس میں قوم کو مشقت کرنی پڑے گی۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت پیسا خرچ کر رہی ہے لیکن متاثرین اتنے ہیں کہ اس کے لیے بہت زیادہ رقم درکار ہے۔نجی نیوز کے اینکر حامد میر کے زکوٰۃ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب آپ اللّٰہ کی راہ میں صدق دل سے دیتے ہیں تو انسان کبھی بھی خسارے میں نہیں رہتا۔ عمران خان نے کہا کہ دل سے عطیات دینے پر انسان کے دل میں سکون رہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close