کورونا وائرس قابو میں نہ آسکا، لاک ڈائون میں مزید توسیع کا امکان

لاہور(پی این آئی) کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت کی جانب سے غور کیا جا رہا ہے کہ کل ختم ہونےو الے لاک ڈاؤن میں یکم مئی تک توسیع کر دی جائے ۔ اس بارے میں ذرائع کا کہناہے کہ پنجاب حکومت کی جانب

سے سرکاری دفاترمیں کام کی مشروط اجازت اور ایکسپورٹ سے منسلک مزید صنعتوں کو کام کی اجازت دیئے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ تجویز وفاقی حکومت کو پیش کر دی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد جن سرکاری دفاتر میں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی ، اس محکمے کےسربراہ پر یہ لازم کر دیا جائے گا کہ وہ اپنی انتظامیہ میں سے 3 سے زیادہ افراد کو ایک جگہ اکٹھا نہ ہونے دیں اور تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ ایکسپورٹ سے منسلک مزید صنعتوں کو بھی کام کی اجازت دی جائے گی لیکن انہیں محکمہ صنعت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی جائے گی جس کے بعد آئندہ آنے والے وقت کے لئے احکامات جاری کر دیئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ پاکستان میں بھی اس کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے جس کےبعد ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 500 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 212 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اسی وجہ سے حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں توسیع کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close