لاہور(پی این آئی)گذشتہ ہفتے سعودی عرب سے عمرے کے بعد پاکستان واپس پہنچنے والے زائرین میں سے 35 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔صوبہ پنجاب کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ان عمرہ زائرین کو صوبائی دارالحکومت لاہور کے مضافات میں بنائے گئے ایک قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے۔
16 اپریل کو ایک خصوصی پرواز کے ذریعے سعودی عرب میں رہ جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین کو وطن واپس لایا گیا تھا۔سعودی ایئر لائن کی پرواز لاہور پہنچی تو اس میں اڑھائی سو افراد سوار تھے جن میں زیادہ تعداد عمرہ زائرین کی تھی۔ایئرپورٹ پر مسافروں کی مکمل طبی جانچ کے بعد انہیں کالا شاہ کاکو میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں لے جایا گیا جہاں تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے جن کے نتائج پیر کو موصول ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق جن 35 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں انہیں الگ کر دیا گیا ہے جبکہ باقی مسافر قرنطینہ میں 14 دن گزاریں گے جس کے بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں