اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی لہر کیلئے وسط مئی بڑا اہم ہے، وباء سے نمٹنے کیلئے ہزاروں آئی سی یو بیڈز تیارہیں، مختلف شہروں میں ہوٹلز بھی بُک کروا لیے، ہم نے ہوٹلز میں مئی، جون اور جولائی کی بکنگ کررکھی ہے۔ انہوں نے نجی
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر کیلئے وسط مئی بڑا اہم ہے، نئی لہر آنے میں ابھی 20 یا 25 دن لگیں گے،15مئی تک نئی لہر آسکتی ہے، لیکن ہم نے ایڈوانس میں تیاری کررکھی ہے، مئی ، جون اور جولائی کی بکنگ کررکھی ہے، اگر ہماری ریشو1.1رہی تو پھر ہمارے سسٹم کے لحاظ سے مسائل نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 8 لاکھ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ان کے علاوہ ہمیں 90 ہزار چین سے بھی عطیات ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وباء سے نمٹنے کے لیے انتظامات جاری ہیں۔ ہزاروں آئی سی یو بیڈز تیار ہیں، مختلف شہروں میں ہوٹلز بھی بُک کروا لیے گئے ہیں، ان میں تھری اسٹار اور فور اسٹار ہوٹلز بُک کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں لگ بھگ 4 ہزار وینٹی لیٹرز موجود ہیں ،اسی طرح صوبوں کے ساتھ ملکر پلان تیار کیا ہے کہ 1300وینٹی لیٹرز کو کورونا کیلئے استعمال کیا جائے گا۔مزید برآں پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 159 افراد جاں بحق اور متاثرہ افراد کی تعداد 7993 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ملک میں مزید 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3649 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائر س کے 2355 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا 1137، بلوچستان 376 اورگلگت بلتستان میں 257 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔اسلام آباد 171 اور آزاد کشمیر میں 48 مریض ہیں، خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 60 اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ 48، پنجاب 41، بلوچستان 5 اور گلگت بلتستان میں 3 اموات ہوئی ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 2 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک 1868 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ مقامی سطح پر کورونا وائرس کے 55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بیرون ممالک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے۔ملک کے 588 ہسپتالوں میں 1496 افراد زیرعلاج ہیں۔ ملک میں 16ہزار387 افراد کو گھروں میں قرنطینہ کی سہولت دی گئی ہے، پاکستان میں کورونا وائرس سے 1446مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کر دیا گیا، لاہور کے 12 علاقے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں