ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ منعقد ہو گا یا نہیں؟شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خبر آگئی

ایڈیلیڈ (پی این آئی) رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ پر غیریقینی کے بادل گہرے ہونے لگے ہیں جبکہ منتظمین نے پلان بی سے متعلق بھی ہونٹ سختی سے بند کر لئے ہیں اور مستقبل میں اس حوالے سے کسی بھی لائحہ عمل سے متعلق بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا

وائرس کی تباہ کاریوں سے مستقبل قریب کے مزید ایونٹس کا انعقاد غیریقینی دکھائی دینے لگا ہے جن میں آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے، منتظمین نے فی الحال اس حوالے سے ہونٹ سختی سے بند کررکھے ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا ایونٹ کی میزبانی رواں برس نہ کرپانے کی صورت میں دیگر آپشنز پر غور کررہا ہے جبکہ آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ کا اگلا ایڈیشن بھارت میں شیڈول ہے۔وکٹورین وزیر کھیل مارٹن پاکولا نے رواں برس ایونٹ کے مقررہ وقت پر انعقاد کے حوالے سے مزید شبہات ظاہر کر دئیے ہیں جن کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ لیول پر چیف میڈیکل آفیسر کی جانب سے شدید مخالفت ہوسکتی ہے اور ایونٹ صرف اسی صورت میں ہی ممکن ہے جب آسٹریلیا میں کورونا کا مکمل خاتمہ ہوجائے لیکن فی الحال یہ چیز کافی مشکل دکھائی دے رہی ہے، اگر ایونٹ ہوا بھی تو اس میں شائقین کی شرکت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہی ہوگا۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کو رواں برس کے آخر میں بھارت سے ہوم سیریز کی فکر زیادہ ہے کیونکہ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز نہ ہونے کی صورت میں صرف ٹی وی ریونیو کی مد میں بورڈ کو 300 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا، اسی صورتحال کے پیش نظر ساؤتھ آسٹریلیا کرکٹ چیف کیتھ بریڈشا نے بورڈ کو پیشکش کی کہ وہ بھارتی ٹیم کیلئے اپنے نوتعمیر ایڈیلیڈ اوول ہوٹل کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کو تیار ہیں۔آسٹریلوی حکومت کی جانب سے باہر سے آنے والے تمام افراد کیلئے 14 روز آئیسولیشن میں رہنے کی پابندی ہے اور ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد بھی کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ بریڈشا نے کہاکہ اگر یہ پابندی برقرار رہی تو ویرات کوہلی اینڈ کمپنی کیلئے ہمارا ہوٹل حاضر ہوگا جہاں پر وہ قرنطینہ کے دوران پریکٹس میچ تک کھیل سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close