کرایہ داروں کو تحفظ مل گیا، اب مالک مکان یا دوکان مالک کسی بھی کرایہ دار کو عدم ادائیگی کی وجہ سے نکال نہیں سکتا، نیا نوٹیفیکیشن جاری

لاہور(پی این آئی) کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کےمتاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 93 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر

ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کو مزید پھیلنےسے روکنے کے لئے اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جس کے بعد لوگوں کو روزگار کمانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی مشکل کو ختم کرنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے اہم قدم اٹھایا گیا ہے کہ جس کے بعد مالکان کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ آئندہ 60 دنوں کے لئے اپنے کرایہ داروں کا تنگ نہ کریں اور نہ ہی وہ انہیں بےدخل کر سکیں گے۔اس ضمن میں صوبائی حکومت نے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔پنجاب حکومت نے کرایہ داروں کے تحفظ کی خاطر آئندہ دو ماہ تک کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی مکان مالک لاک ڈاؤن کے دوران کرایہ دار کو مجبور نہیں کرسکتا ہے کہ وہ اس کا مکان خالی کرے۔ کرائے کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی یا تاخیر کی صورت میں بھی مکان مالک کرایہ دار سے جگہ خالی کرانے کا مجاز نہیں ہو گا۔ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ قدم ہم نے عوام کی مشکلات کا مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے کیونکہ ہمیں اندازہ ہے کہ لوگ مشکلات کا شکار ہیں، ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔اس لئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے تا کہ جب تک حالات بہتر نہیں ہو جاتے، وہ کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہوں اور بے گھر نہ ہوں۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد فوری طور پر ہوگا اور اس حکمنامے کا اطلاق آئندہ 60 روز تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں