پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی شرح میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ، ڈاکٹر ظفر مرزا نے خبردار کر دیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک)معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں آ ئندہ دنوں کورونا مریضوں میں اموات کی شرح بڑھ سکتی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں14 اموات ہوئیں، جبکہ 254 نئے کیسز کے ساتھ کل کیسزکی تعداد 5038 ہوگئی ہے۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی

زیرصدارت اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، قومی رابطہ کمیٹی کا کل اجلاس ہوگا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کے 17لاکھ سے کیسز تجاوز کرچکے ہیں، ایک لاکھ سے زیادہ اموات اور 4 لاکھ سے زیادہ لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان پرگزشتہ 24 گھنٹے بھاری گزرے۔ پاکستان میں پچھلے24 گھنٹے میں 14اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ہم لوگوں کو آگاہ کرتے رہے، 50 لوگ وینٹی لیٹر پر تھے، جن میں14 مریض انتقال کرگئے۔آنے والے دنوں میں یہ شرح بڑھ سکتی ہے۔ مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بیمار1414 افراد داخل ہیں۔ اسی لیے باربار کہتے ہیں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، گھروں پر رہیں اور باربار ہاتھ دھوئیں۔ این 95 ماسک کی فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کوزیادہ ضرورت ہے، ویسے پہننے کی ضرورت نہیں۔ گزشتہ24 گھنٹے میں254 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے ساتھ کل کیسز5038 ہوگئے ہیں۔ان میں50 فیصد کیسز مقامی رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کیلئے سرکاری ویب سائٹ موجود ہے۔ گلگت بلتستان انتظامیہ نے انسداد کورونا وائرس کیلئے بہتر اقدامات کئے۔ گلگت بلتستان انتظامیہ نے ایران سے آئے زائرین کا قرنطینہ میں ہی علاج کیا۔دوسری جانب وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے تین ہزارٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پرکئے جارہے ہیں۔ قرنطینہ میں موجود لوگوں کے ٹیسٹ زیادہ مثبت آرہے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کوروناوائرس کے کنفرم مریض روزانہ کی بنیاد پرصحتیاب بھی ہورہے ہیں۔ پنجاب کے پاس کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے وافر مقدارمیں وسائل موجودہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں