نواز شریف شدید صدمے سے دوچار ، انتہائی قریب ترین شخصیت کا انتقال ہو گیا

مردان (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے سابق جنرل سیکرٹری اور نواز شریف کے قریبی ساتھی سرانجام خان انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام اور صابر شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے سرانجام خان کے انتقال پر گہرے

رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مردان سے تعلق رکھنے والے سرانجام خان دل اور گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ 88 سالہ بزرگ سیاستدان کا انتقال شب برات کو ہوا جبکہ ان کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مردان کے نواحی گاؤں بغدادا میں سپرد خاک کردیا گیا ۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سرانجام خان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سرانجام خان پارٹی کےبزرگ، وفادار نظریاتی اور قربانی دینے والے رہنما تھے، انہوں نے ہمیشہ پارٹی کا پرچم سر بلند رکھا اور مشکل ترین حالات میں بھرپور جذبے سے خدمات انجام دیں۔ سرانجام خان پارٹی کا ایک قیمتی سرمایہ تھے، ان کے جانے سے ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، ملک و قوم کے لئے ان کی اعلیٰ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سرانجام خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) ایک عظیم ساتھی اور رہنما سے محروم ہوگئی۔ اللہ تعالی سر انجام خان صاحب کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے، آمین۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بزرگ مسلم لیگی رہنما سر انجام خان کی وفات کا سن کر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا۔ وہ سیاسی وجمہوری جدوجہد کا ایسا سنہری باب ہیں جس کی مثال نہیں ملتی. دور آمریت میں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ مل کر ایسے دور میں جمہوریت کا علم بلند رکھا جب مسلم لیگ (ن) اور سیاست کے لئے ایک بہت کٹھن وقت تھا۔سرانجام خان کے انتقال پر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سینیٹر مشاہد اللہ خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close