دبئی (پی این آئی) اماراتی ائیرلائن فلائے دبئی نے پاکستان کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کر دیا، پروازوں کا باقاعدہ آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا، اماراتی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے محدود پیمانے پر پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نجی
ائیرلائن فلائے دبئی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کیلئے ٹکٹس کی بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔فلائے دبئی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اماراتی حکومت سے بھارت اور پاکستان کیلئے پروازیں چلانے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ پروازیں محدود پیمانے پر چلائی جائیں گی، جن کا مقصد امارات میں پھنسے پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کو ان کے ممالک واپس پہنچانا ہے۔فلائے دبئی حکام کا کہنا ہے کہ امارات میں پھنسے پاکستانیوں اور ہندوستانی ٹکٹس کی بکنگ کروا سکتے ہیں، کوشش ہے کہ 15 اپریل سے پروازوں کا آغاز کیا جائے۔بتایا گیا ہے کہ فلائے دبئی نے کراچی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز کیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے پاکستانی سفارت خانے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال کسی قسم کی خصوصی پروازوں کے آغاز سے متعلق وہ آگاہ نہیں ہیں۔ جو پاکستانی ملک واپس جانے کے خواہش مند ہیں، وہ کسی بھی ائیرلائن کی ٹکٹس بک کروانے سے قبل سفارت خانے سے رابطہ کریں۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث گزشتہ ماہ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا تھا۔ اس وقت دبئی میں 24 گھنٹے کا لاک ڈاون نافذ ہے، جبکہ دیگر اماراتی شہروں میں بھی لاک ڈاون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ امارات نے اس وقت اپنے تمام فضائی اور زمینی رابطے بھی بند کر رکھے ہیں، اسی لیےسیاحتی اور ویزٹ ویزہ والے ہزاروں پاکستانی اور ہندوستانی اس وقت امارات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں ایمرٹس ائیرلائن بھی محدود پیمانے پر پروازوں کے آغاز کا اعلان کر چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں