جرمنی (پی این آئی) جرمنی کے وزیر خزانہ تھامس شیفر نے خودکشی کر لی،انہوں نے خودکشی کورونا وائرس سے ہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے کی۔تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وزیر خزانہ تھامس شیفر نے خودکشی کر لی، بتایا گیا ہے کہ تھامس شیفر کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بحران پر شدید
پریشانی کا شکار تھے۔54 سالہ تھامس شیفر ہفتے کے روز ایک ریلوے ٹریک کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے۔وہاں سے گزرنے والے ایک شخص نے لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ طبعی موت نہیں مرے بلکہ خودکشی کی ہے۔تھامس شیفر ریاست ہیسے کے وزیر خزانہ تھے۔تھامس شیفر حالیہ دنوں میں ٹی وی پر باقاعدگی سے دکھائی دے رہے تھے۔گذشتہ دنوں انہوں نے ٹی وی پر آکر لوگوں کو کورونا وائرس کی صورتحال میں حکومت کی جانب سے دئیے جانے والے مالیاتی پیکج سے آگاہ کیا۔اس واقعے پر وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبائی انتظامیہ کے لیے تھامس کی موت ناقابل یقین ہے اور ہم اس پر شدید صدمے کا شکار ہیں۔ہمیں یقین نہیں آتا کہ تھامس اس طرح غیر متوقع انداز میں دنیا سے چلے گئے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں اور نئے کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 889، اسپین میں 852، فرانس میں 319 برطانیہ میں 260، امریکہ میں 247، ایران میں 139، ہالینڈ میں 93، بیلجیئم میں 64، جرمنی میں 52 اور پرتگال میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں، اٹلی میں مجموعی اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ترکی اور انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی ہے، ایک دن کے دوران دنیا بھر میں 2957 ہلاکتیں اور 54 ہزار 455 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 30299 ہو گئی جبکہ 6 لاکھ اور 50767 افراد وائرس کا شکار ہوئے، اب تک 1 لاکھ 39555 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں