کورونا وائرس،برمنگھم ائر پورٹ مردہ خانے میں تبدیل، 12 ہزارتک لاشیں رکھی جا سکیں گی

برمنگھم (خادم حسین شاہین ) عالمی وباء کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پرہلاکتوں کے خدشے کے پیش نظر برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس نے برمنگھم ائر پورٹ کی عمارت کو ایک عارضی مردہ خانے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ضرورت پڑنے پر 12 ہزار تک لاشیں رکھی جا سکیں گی۔نیشنل ہیلتھ سروس کے چیف ایگزیکٹو سائمن سٹیونز نے یہ تصدیق بھی کی ہے کہ مانچسٹر کے سنٹرل کنونشن سنٹر کو ہنگامی طور پر ایک ہسپتال میں تبدیل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہےجہاں ضرورت پڑنے پر قرنطینہ مرکز قائم کیا جا سکے گا۔ لندن کے ایکسیل سنٹر کو پہلے ہی عارضی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔سائمن سٹیونز کا کہنا تھا کہ برمنگھم ائر پورٹ کو مردہ خانے میں تبدیل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر15 سو لاشیں رکھنے کا بندوبست ہو گا لیکن اسے 12 ہزار تک توسیع دی جا سکے گی۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس سے اب تک 14679 شہری متاثر ہوئے ہیں جن میں خود وزیر اعظم بورس جانسن بھی شامل ہیں اور اب تک 759 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 181 افراد گذشتہ 24 گھنٹے میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں