پشاور (پی این آئی) پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب کی اپنی حکومت اور پارٹی پر کڑی تنقید اور سنگین الزامات پر مبنی آڈیو وائرل ہوگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق آڈیو گفتگو میں ارباب عامر ایوب کا کہنا تھا کہ ’میرے بھائی ندیم خان، میں آپ کی باتوں سے 100 فیصد متفق ہوں، آپ
نے جو باتیں کیں، وہ میرے دل کی باتیں ہیں اور دل خفا ہوتا ہے، اب دل نہیں کرتاکہ مزید سیاست کروں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان اور ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا مگر کام برعکس کیا جارہا ہے، ایک فائل کے پیچھے 20، 20 دفعہ دوڑنا پڑتا ہے، رکن قومی اسمبلی ہوں لیکن ایک ایک فائل کے پیچھے بھاگتا ہوں اور منت سماجت کرتا ہوں۔رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھاکہ انصاف ہے اور نہ ہی کوئی بندہ کام کرنا چاہتا ہے، یہاں ایمانداری نہیں، کرپشن بالکل اسی طرح جاری ہے، یہاں شکلیں تبدیل ہوگئی ہیں، جھنڈا بدل گیا اور پی ٹی آئی کا جھنڈا آگیا۔ارباب عامر ایوب نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’نام بدل گیا ہے، عمران خان آگیا ہے اور جو ٹیم آئی ہے، وہ نالائق ہے، عمران خان نے اپنے ساتھ خوشامدی رکھے ہوئے ہیں، دل کرتا ہےکہ پریس کانفرنس کروں، جو چاپلوسی کرےگا وہی کامیاب ہوگا جو نہیں کرے گا، وہ نظرانداز ہوگا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’دل توچاہتا ہے کہ پارٹی میں انقلاب لیکر آئیں، دل چاہتا ہےکہ عمران خان کو صاف بتا دیں کہ پارٹی میں انصاف نہیں، شاہ فرمان جیسے لوگ رکھے ہوئے ہیں جو عوامی مسائل کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، دل بھرا ہوا ہے، تنگ آچکا ہوں، پہلے سے بھی بدترین دور ہے‘۔ارباب عامر ایوب نے بھی آڈیو گفتگو میں اپنی حکومت کو سلیکٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سب سلیکٹڈ لوگ ہیں، سلیکٹڈ حکومت ہے جو عوامی کام نہیں کرسکتے، کوئی خفا ہوتا ہے تو مجھے اس کی پروا نہیں، پی ٹی آئی میں انقلاب اور جہاد کی ضرورت ہے‘۔رکن قومی اسمبلی کا کہناتھا کہ بلین ٹری سونامی میں خوب کرپشن ہوئی، بی آر ٹی میں بھی اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، جنہوں نے کرپشن کی ان کو سزا دینی چاہیے، مجھے پتا ہے ہر فائل کے لیے پیسے لیے جاتے ہیں، پی ٹی آئی نے اتنے یوٹرن لیےکہ ہماری غیرت ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حق بات کرنی چاہیے، زیادہ سے زیادہ کیا ہوگا؟ مجھ پر کیس بنا کرپارٹی سے نکال دیا جائے گا۔دوسری جانب رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنی آڈیو گفتگو کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ میری باتیں ہیں، اور میں نے یہ گفتگو سابق یو سی ناظم ندیم کے ساتھ کی ہے، پارٹی اور حکومت میں سنگین غلطیاں ہیں جنہیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ارباب عامر ایوب کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت میں نا اہلی عروج پر ہے اور مخصوص ٹولہ خراب کارکردگی اور بدترین حالات کے باوجود وزیر اعظم کو سب اچھا کی رپورٹ دے کر کسی کی آواز اوپر نہیں پہنچنے دیتا۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب خان 30 ستمبر 2019 کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو وفاقی وزراءکی شکایت لگاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔ارباب عامر ایوب این اے 28 پشاور 2 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں