میر پور (طارق مجید کھوکھر) ڈپٹی کمشنرراجہ طاہرممتاز اورایس ایس پی راجہ عرفان سلیم نے کہاہے کہ انتظامیہ اور پولیس کے باہمی اشتراک سے اور حکمت عملی سے ضلع بھرمیں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ مجسٹریٹ صاحبان اور پولیس افسران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات بنا نے کے سلسلہ میں ضلع
کے تمام داخلی اور خارجی راستوں،ریسٹ ہاوسز،گیسٹ ہاوسز،ہاسٹلزسمیت پبلک مقامات کی چیکنگ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔تمام مسافر اور پبلک ٹرانسپورٹ کی داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے ساتھ پولیس گشت کو بڑھایا جائے۔ضلع میں ٹریفک قوانین کی پابندی، پرائس کنٹرول کی چیکنگ، پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سے پریشرہارن، ٹیپ ریکارڈر،فلیشر، بلیک پیپرلگانے کاخاتمہ کیاجائے۔ ناجائز اسلحہ کی مکمل روک تھام، وال چاکنگ کاخاتمہ،نیشنل ایکشن پلان کی عملداری سمیت دیگر ریاستی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق کارروائیاں کی جائیں۔شہر میں ہیوی ٹریفک کوکنٹرول کیاجائے۔موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی کروائی جائے۔کمسن بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف اپریشن کیاجائے۔ کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے اور قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور مقرر کردہ سزائیں دی جائیں۔امن و امان کا قیام پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ضلع بھرمیں کروناوائرس کی بیماری کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت عامہ کے عملہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیاجائے۔پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے مقررکردہ نرخوں پرعمل درآمدکروایاجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس اور مجسٹریٹ صاحبان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس پی راجہ اظہراقبال، اے ایس پی سید عباس علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ قیصراورنگزیب خان، اسسٹنٹ کمشنریاسرریاض، اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال نعیم اختر،افسرمال سردار پرویز، تحصیلدارڈڈیال محمداقبال،پی ڈی ایس پی محمدیاسین، ڈی ایس پی انصرعلی، ڈی ایس پی ڈڈیال ندیم عارف، ڈی ایس پی ٹریفک محمدشبیر، ڈی ٹی آئی محمداسحق، ایس ایچ او صاحبان عمران قاسم،صداقت حسین،فیصل صدیق،مہتاب اسلم، عامرفاروق، حاجی اظہراقبال، وسیم نواز،ایڈمن آفیسر چوہدری محمدطارق کے علاوہ دیگربھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے مجسٹریٹ صاحبان اور پولیس افسران سے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں۔اس سلسلہ میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ ٹریفک نظام میں بہتری لائی جائے۔ اشیاء خوردونوش کی اچانک پڑتال کی جائے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق لوگوں کواشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ امن وامان کے قیام کے سلسلہ میں تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے مجسٹریٹ صاحبان، پولیس اور سول سوسائٹی مل کرکام کریں جہاں بھی کوئی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایاجائے اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ جرائم کامکمل سدباب ہوسکے۔انھوں نے کہاکہ نئی نسل کومنشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے موثر اور ٹھوس حکمت عملی اختیارکی جائے۔منشیات فروشوں کوکیفرکردارتک پہنچایاجائے۔ انھوں نے مزیدکہاکہ شہربھرمیں تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ فٹ پاتھوں پرسامان رکھ کربیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں جملہ دیگر مسائل بھی زیرغور آئے جن کے سدباب کے لیے موثرحکمت عملی اختیارکرنے کی ہدایات دی گئیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں