لاہور (پی این آئی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سولہویں میچ میں ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ جاری ہے جس نے 1.4 اوور میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنا لئے ہیں تاہم فلڈ لائٹس خراب ہونے کے باعث میچ روک دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ
میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ جوڑی کرس لین اور فخر زمان نے جارحانہ کھیل کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 36 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر فخر زمان محمد نواز کے گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں انور علی کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔کرس لین نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا تاہم پاور پلے ختم ہونے کے بعد وہ محمد حسنین کی گیند پر شاٹ مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 22 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے ان فارم بلے باز محمد حفیظ بھی اہم مقابلے میں ناکامی سے دوچار ہو گئے اور 50 کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈنک اور سمت پٹیل نے کسی بھی باؤلر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انتہائی عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 155 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 205 پر پہنچا کر لاہور قلندرز کی کایا ہی پلٹ دی۔ سمت پٹیل نے 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ بین ڈنک نے 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 48 رنز دئیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے اور بین کٹنگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز، محمد حسنین، فواد احمد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، فخر زمان، بین ڈنک، محمد حفیظ، محمد فیضان، سمت پٹیل، سیکوگ پرسانا، شاہین آفریدی، سلمان ارشاد اور دلبر حسین شامل ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، محمد نواز، شین واٹسن، جیسن روئے، نسیم شاہ، بین کٹنگ، محمد اعظم خان، محمد حسنین، فواد احمد اور انور علی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں