بشریٰ بی بی اور عمران خان سے متعلق مریم وٹو کا دوٹوک بیان

بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد اور گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم وٹو نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ہفتوں سے نہ صرف خاندان بلکہ وکلاء کو بھی بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث انہیں اپنی بہن کی حالت کے بارے میں کوئی خبر نہیں مل رہی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ عناصر کو استعمال کرکے یہ جھوٹا تاثر دیا جا رہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو دھوکا دے کر بشریٰ بی بی کو باہر لانے کی کوشش کر رہی ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

مریم وٹو کے مطابق بشریٰ بی بی نے اپنی مرضی سے بنی گالہ سے جیل منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور بہادری سے ہر بار خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔ اگر وہ اپنے شوہر کو دھوکا دینا چاہتیں تو وہ یہ قدم بہت پہلے، اپنی پہلی گرفتاری سے بھی پہلے اٹھا سکتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے پاس آجائیں کیونکہ ان کی والدہ بھی وہیں موجود تھیں، تاہم بشریٰ بی بی نے کہا کہ اگر وہ پاکستان چھوڑ گئیں تو لوگ کہیں گے کہ انہوں نے اپنے شوہر کا ساتھ چھوڑ دیا، جو وہ کسی صورت نہیں کر سکتیں۔

مریم وٹو نے واضح کیا کہ بشریٰ بی بی کے لیے اپنے شوہر سے وفاداری اولین ترجیح ہے اور وہ انہیں دھوکا دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللّٰہ دونوں ہمیشہ ایک ساتھ رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close