سیکیورٹی فورسز کارروائی، 25 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، جس میں 4 خودکش بمبار سمیت 25 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی دراندازی کی کوششیں بروقت ناکام بنائی گئیں۔ اسپن وام کے مقام پر 4 خودکش بمباروں سمیت 15 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ کرم کے علاقے گھاکئی میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ہتھیار اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 5 بہادر جوان شہید ہوئے جن میں حوالدار منظور حسین (غذر)، سپاہی نعمان الیاس کیانی (پونچھ)، سپاہی محمد عدیل (قصور)، سپاہی شاہ جہاں (وہاڑی) اور سپاہی علی اصغر (پاکپتن) شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کی قربانی کو یاد رکھے گی۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور مضبوط سرحدی سیکیورٹی کے لیے پرعزم ہے اور افغان فریق کو ڈی او اے معاہدے کے تحت کارروائی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close