بجلی قیمتوں میں اضافہ ؟؟؟مہنگائی کے مارے پاکستانیوں کیلئے پریشان کن خبر

تین ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 45 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیپرا میں ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے قیمت میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔

چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ ڈسکوز نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8 ارب 41 کروڑ روپے مانگے ہیں۔

صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم پہلے ہی تین ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے کمی کا اعلان کر چکے ہیں، اس کے باوجود گردشی قرض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے حالیہ پیکیجز کے باوجود قرضوں کا بوجھ کم نہیں ہو رہا۔

سماعت کے دوران ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ جب تک پاور سیکٹر کا موجودہ ڈھانچہ برقرار ہے، گردشی قرض ختم نہیں ہوگا۔ صنعتی صارفین نے شکایت کی کہ وہ پہلے ہی گردشی قرض پر 3 روپے 23 پیسے سرچارج ادا کر رہے ہیں، اور اب بینکوں سے لیے گئے نئے قرضوں پر بھی سرچارج لگایا جا رہا ہے۔

پاور ڈویژن کے نمائندوں نے مؤقف اپنایا کہ اضافی نقصانات اور کم ریکوری کے باعث خسارہ بڑھا ہے۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد نیپرا نے اعلان کیا کہ وہ تمام اعداد و شمار کا جائزہ لے کر فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close