اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر اعلٰی سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ان کو صوبے میں قبضہ مافیہ کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ وزیر اعلٰی ہاوس کے مطابق یہ بریفنگ بدھ کے روز وزیراعظم کو لاہور کے ایک روزہ دورے کے
دوران دی گئی۔ اس دورے میں انہوں نے وزیر اعلٰی پنجاب سمیت کابینہ کے اہم اراکین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعلٰی نے صوبے کے انتظامی اور سیاسی امور سے متعلق وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اسی طرح سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بتایا کہ ’پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کو تیز کردیا گیا۔‘ قبضہ مافیہ کے خلاف بریفنگ وائس چیئرمین ایل ڈی اے عمران علی نے دینا تھی تاہم کورونا کا شکار ہونے جانے کی وجہ سے وہ اس اجلاس میں نہیں آسکے جس کے بعد یہ بریفنگ وزیر اعلٰی پنجاب نے دی۔اس موقع پر وزیر اعلٰی نے بتایا کہ ’قبضہ مافیا سے واگزار ہونے والی زمینیں عوامی مفاد میں استمعال کے لیے کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔‘ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی ہدایت کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف آخری حد تک جائیں گے، اور اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔‘ اس موقع پر وزیراعظم نے قبضہ مافیا کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلٰی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو دیے گیے ایک بیان میں بتایا کہ ’پنجاب میں قبضہ مافیہ کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن ہو رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے عین مطابق ہم ایک ایک انچ زمین قبضہ مافیہ سے واگزار کروائیں گے۔‘’صوبہ بھر میں سینکڑوں ایکڑ زمین پہلے ہی واگزار کروائی جا چکی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کے قبضہ مافیہ کے خلاف کئے جانے اقدامات کو سراہا ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’قبضہ مافیہ سے سب سے زیادہ متاثر اوورسیز پاکستانی ہیں۔ ہمارے اوورسیز پاکستانی بھائی باہر سے اپنی حلال کی کمائی ملک میں بھیجتے ہیں اور اس سے سرمایہ کاری
کرتے ہیں اور قبضہ مافیہ ان کی جائیدادوں کو ہڑپ کر جاتا ہے۔‘ ’ہماری حکومت کی اولین ترجیح بیرون ملک پاکستانیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے ان کی جائیدادوں کو محفوظ بنانا ہے، اور ہماری حکومت اسی ویژن کے مطابق کام کرتی رہے گی۔‘ انہوں نے کہا کہ ’تحریک انصاف کی حکومت کے دوران جتنا زرمبادلہ باہر سے پاکستانیوں نے بھیجا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ اس لیے ان کے سرمائے کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔‘وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعلٰی عثمان بزدار نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ’پنجاب بھر میں سہولت بازار لگانے کے لیے اتھارٹی قائم کردی گئی ہے اور صوبائی وزرا کو صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں